ترک فضائیہ کی تاریخ پہلی بار ایک خاتون کی جنرل کے عہدے پر ترقی
انقرہ: ترکی کی فوجی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون افسر کو فضائیہ میں جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
سپریم ملٹری کونسل (YAŞ) نے فضائیہ کی کرنل اوزلم کاراپینار کو بریگیڈیئر جنرل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی، جس کی صدر رجب طیب اردوان نے توثیق کر دی۔ یہ ترقی 30 اگست سے مؤثر ہوگی۔48 سالہ اوزلم کاراپینار ترکی کی فضائیہ کی تاریخ میں جنرل کے عہدے تک پہنچنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
یہ فیصلہ سپریم ملٹری کونسل کے سالانہ اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت صدر رجب طیب اردوان نے کی۔ اجلاس میں مجموعی طور پر 32 جنرلز اور ایڈمرلز کو اعلیٰ عہدوں پر ترقی دی گئی، جبکہ 61 کرنلز کو جنرل یا ایڈمرل کے رینک پر ترقی دینے کی منظوری بھی دی گئی۔
اسی اجلاس میں متعدد اعلیٰ فوجی تقرریوں اور ریٹائرمنٹ کے فیصلے بھی کیے گئے۔اس سے قبل 2023 میں گوکچن فرات ترکی کی بحریہ میں جنرل کے عہدے تک پہنچنے والی پہلی خاتون افسر بنی تھیں۔ اوزلم کاراپینار کی ترقی کو ترکی کی مسلح افواج میں خواتین کی بڑھتی ہوئی نمائندگی اور اعلیٰ عسکری قیادت میں ان کی شمولیت کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اوزلم کاراپینار شادی شدہ اور ایک بچے کی والدہ ہیں۔ انہوں نے 1997 میں میڈیکل کی تعلیم چھوڑ کر فوجی اکیڈمی میں داخلہ لیا اور بعد ازاں ترکی کی فضائیہ میں مختلف اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔
ن کی ترقی کو ترکی کی مسلح افواج، بالخصوص فضائیہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔