نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سرکاری دورہ پر آج اردن روانہ ہوں گے
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج رات اردن روانہ ہوں گے،
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار یہ دورہ اردن کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی کی دعوت پر کر رہے ہیں۔جہاں وہ 5 اگست کو اومان، اردن میں القدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک اور پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے گروپ کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اجلاس کا مقصد مقبوضہ القدس میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر متفقہ اور مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے۔
اسحاق ڈار اجلاس کے موقع پر شریک وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں فلسطین سمیت خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی شرکت فلسطینی عوام کی اصولی حمایت اور قیام فلسطین کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔