آزاد کشمیر انتخابات 2026: دوسرے مرحلے کی پولنگ جاری، 21 حلقوں میں ووٹنگ جاری
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے کے تحت آج مظفرآباد ڈویژن کے عام انتخابی حلقوں اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں سمیت مجموعی طور پر 21 حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔
پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عمل کو شفاف اور پرامن بنانے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر مجموعی طور پر 208 امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ ان حلقوں میں 8 لاکھ 9 ہزار 621 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔
انتخابی عمل کے لیے مظفرآباد ڈویژن کے مختلف اضلاع میں 1,483 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ حساس اور انتہائی حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، حلقہ ایل اے-28، ایل اے-29 اور ایل اے-31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان حلقوں میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے صدر سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کے درمیان کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں۔
راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کی 3 نشستوں پر 27,907 ووٹرز کے لیے 35 امیدوار میدان میں ہیں۔ یہاں انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 4,000 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 175 پولنگ اسٹیشنز میں سے 31 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں مہاجرین کے حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی-VI کے لیے 21 اضلاع میں 41 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں 7,655 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام حلقوں میں پولنگ ختم ہونے کے 2 گھنٹے بعد غیر سرکاری نتائج کا اعلان شروع کر دیا جائے گا جبکہ ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا پہلا مرحلہ گزشتہ روز میرپور ڈویژن میں مکمل ہوا تھا، جہاں 13 عام نشستوں پر پولنگ منعقد ہوئی۔ پہلے مرحلے میں 6 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابی عمل مجموعی طور پر پرامن رہا جبکہ متعدد حلقوں میں سخت مقابلے دیکھنے میں آئے۔ پہلے مرحلے کے بعد آج دوسرے مرحلے کی پولنگ کے ذریعے مزید نشستوں کا فیصلہ کیا جا رہا ہے، جس کے بعد نئی قانون ساز اسمبلی کی مجموعی سیاسی تصویر مزید واضح ہو جائے گی۔