|

سری لنکا نے پاکستان ویمنز ٹیم کو ٹی 20 سیریز میں بھی شکست دے دی

دمبولا: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا دورۂ سری لنکا مایوس کن ثابت ہوا، جہاں قومی ٹیم ون ڈے سیریز کے بعد ٹی 20 سیریز بھی اپنے نام نہ کر سکی۔

فاطمہ ثنا کی قیادت میں ون ڈے سیریز میں 2-1 سے شکست کے بعد منیبہ علی کی زیرقیادت ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو بھی اسی مارجن سے سیریز گنوانا پڑی، جس سے دورہ ناکامی پر ختم ہوا۔

دمبولا میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 113 رنز تک محدود رکھا۔ جواب میں قومی ٹیم نے 19ویں اوور کی دوسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا اور 4 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔ تاہم یہ فتح سیریز کا نتیجہ تبدیل نہ کر سکی۔

اس سے قبل ٹی 20 سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلوں میں سری لنکا نے پاکستان کو 6، 6 وکٹوں سے شکست دی تھی، جس کے باعث میزبان ٹیم نے سیریز پہلے ہی اپنے نام کر لی تھی۔

دوسری جانب ون ڈے سیریز میں بھی پاکستان نے پہلا میچ 5 وکٹوں سے جیتا، لیکن اگلے دونوں میچوں میں 8، 8 وکٹوں کی شکست کے بعد سیریز سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

ون ڈے سیریز میں پاکستان نے تینوں میچوں میں ایک ہی پلیئنگ الیون برقرار رکھی۔ اس دوران سدرہ امین نے ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی بدولت 217 رنز بنا کر نمایاں کارکردگی دکھائی، جبکہ گل فیروز نے ایک نصف سنچری سمیت 145 رنز اسکور کیے۔

اس کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر 3 میچوں میں 100 رنز کا ہندسہ عبور نہ کر سکی۔

بولنگ میں بھی قومی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔ ون ڈے سیریز میں نشرح سندھو صرف 4 جبکہ کپتان فاطمہ ثنا 3 وکٹیں حاصل کر سکیں۔

اُدھر ٹی 20 سیریز میں پاکستان نے مجموعی طور پر 14 کھلاڑیوں کو آزمایا۔ شوال ذوالفقار 132 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹر رہیں، جبکہ کپتان منیبہ علی نے 106 رنز بنائے۔ بولنگ میں ام ہانی نے چار اور نشرح سندھو نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم یہ کارکردگی سیریز بچانے کے لیے کافی ثابت نہ ہو سکی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *