| |

وزیرِ داخلہ کا بیان اعترافِ جرم ہے، فارم 47 والے بری طرح ناکام ہوچکے، حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے حالیہ بیانات میں اعترافِ جرم کر لیا ہے۔ فارم 47 کے ذریعے مسلط ہونے والے اور یہ تماشا کروانے والے دونوں اب مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا نام لینے والے دراصل آئین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ پنجاب میں جن جماعتوں کو عوام نے مسترد کیا انہیں اقتدار میں بٹھایا گیا۔ بلاول بھٹو اور آصف زرداری جیسے رہنما بھی اسی انتخابی نظام کی پیداوار ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ ملک میں اقتدار کی منڈی لگی ہوئی ہے، جہاں منتخب نمائندوں کے بجائے خرید و فروخت کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری سیاسی نورا کشتی سے عوام کا کوئی بھلا نہیں ہو رہا، بلکہ مسائل میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی دراصل ایک جگا ٹیکس ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ہر معاملے میں آئی ایم ایف کا جواز پیش کر کے قوم کو مہنگائی کی چکی میں پی رہی ہے۔ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ بجلی کے شعبے میں کرپشن اور غلط پالیسیوں کے منفی اثرات براہ راست غریب عوام پر پڑ رہے ہیں۔ حکمران بجلی پیدا کرنے کے بجائے بجلی نہ بنانے پر بھاری اخراجات کر رہے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے فیصلہ کریں۔

حافظ نعیم الرحمن نے 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ عملی جدوجہد کرنا ہوگی۔ آزاد کشمیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وہاں کے بحران کو حل کرنے کے لیے کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *