یوکرین کا دارالحکومت کیف 30 سے زائد دھماکوں سے گونج اٹھا
یوکرین کے دارالحکومت کیف میں 30 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
روسی میڈیا کے مطابق روسی حملوں کے نتیجے میں کیف کے ایک بڑے حصے میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک شخص ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکوں کے فوراً بعد شہر اور اس کے نواحی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے، جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
روسی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ حملوں میں جدید ترین اور انتہائی درست نشانہ بنانے والے میزائلوں اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا، جنہیں یوکرین کا فضائی دفاعی نظام مؤثر طور پر روکنے میں ناکام رہا۔
یاد رہے کہ تقریباً ساڑھے چار برس سے جاری روس۔یوکرین جنگ کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملوں کی شدت اور دائرہ کار میں مسلسل اضافہ کیا ہے۔
چند روز قبل بھی دونوں ممالک کے درمیان حملوں کے تبادلے میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں روس میں 9 جبکہ یوکرین میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔