چلاس میں شدید بارشوں سے سیلابی صورتحال، متعدد افراد جاں بحق، بابوسر روڈ بند
چلاس: گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جہاں پانی کے تیز ریلوں نے زرعی زمینوں اور فصلوں کو نقصان پہنچایا جبکہ مختلف حادثات میں متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔
سیلابی صورتحال کے پیش نظر بابوسر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق 29 جولائی سے اب تک صوبے میں بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 65 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے متاثرہ واقعات ایبٹ آباد، پشاور، سوات، بونیر، خیبر، چترال اور دیگر اضلاع میں پیش آئے، جہاں متعلقہ ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
ادھر فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور نے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور گڈو بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے جبکہ متعلقہ ادارے دریا کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔