112
| | |

غزہ میں 3 سال بعد ملبے سے ملنے والے 112 شہدا کی اجتماعی نمازِ جنازہ اور تدفین

مقبوضہ بیت المقدس: غزہ کے علاقے الصابرا میں اسرائیلی بمباری کے تقریباً 3 سال بعد ملبے سے نکالے گئے 112 فلسطینی شہدا کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔

اس سوگوار ماحول میں لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے جنازے میں شرکت کی، جبکہ متعدد خاندانوں نے برسوں کے انتظار کے بعد اپنے پیاروں کو سپردِ خاک کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شہدا کے تابوت فلسطینی پرچموں میں لپیٹ کر جلوس کی صورت میں قبرستان لائے گئے۔

اس دوران کئی ایسے خاندان بھی موجود تھے جنہوں نے ایک ہی روز اپنے متعدد عزیزوں کی تدفین کی۔ لواحقین نے کہا کہ 3 سال تک لاشوں کے انتظار نے ان کے غم کو کبھی کم نہیں ہونے دیا۔

غزہ کے شہری دفاع حکام نے بتایا کہ الصابرا کے تباہ شدہ رہائشی علاقے میں تقریباً 136 گھنٹے تک مسلسل ریسکیو آپریشن جاری رہا۔ اس کارروائی کے بعد 112 افراد کی لاشیں ملبے سے نکالی گئیں۔ مزید یہ کہ برآمد ہونے والے شہدا میں تقریباً 40 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ زیادہ تر کا تعلق الحسینہ ابو شریعہ خاندان سے بتایا گیا ہے۔

شہری دفاع حکام نے خبردار کیا کہ اسی مقام پر اب بھی تقریباً 157 افراد کی لاشیں ملبے تلے دبی ہونے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق محدود مشینری، ایندھن کی قلت اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر کی وجہ سے امدادی کارروائیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

امدادی کارکنوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں اب بھی ایسی عمارتیں موجود ہیں جہاں لاشیں ملبے کے نیچے دبی ہوئی ہیں اور انہیں نکالنے میں مزید کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔

دریں اثنا ترکیہ، مصر اور قطر نے غزہ میں جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسرائیل سے معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

فلسطینی حکام نے یاد دلایا کہ 22 نومبر 2023 کو الصابرا پر اسرائیلی فضائی حملے میں 308 افراد شہید ہوئے تھے۔ شدید و مسلسل بمباری اور محدود وسائل کے باعث اس وقت صرف چند درجن لاشیں نکالی جا سکی تھیں، جبکہ باقی افراد ملبے تلے دبے رہ گئے تھے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *