| |

کراچی میں بارش سے موسم خوشگوار، مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش

کراچی: کراچی میں بارش نے شدید گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کو بڑا ریلیف فراہم کر دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اور اس کے گردونواح میں شدید گرمی اور سازگار موسمی حالات کے باعث مقامی بادل بنے، جنہوں نے مختلف علاقوں میں برسنا شروع کر دیا۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔

سرجانی ٹاؤن، گلشنِ معمار، گڈاپ اور ملحقہ علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ گڈاپ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ شارع فیصل، قائدآباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر اور صدر سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا موجودہ سلسلہ مزید ایک سے تین گھنٹے تک مختلف علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے، جبکہ گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا بھی امکان موجود ہے۔

شہر کے بیشتر علاقوں میں آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں ابر آلود موسم اور بارش کی پیشگوئی کی تھی، جبکہ بارش سے قبل شہر میں شدید حبس اور گرمی نے شہریوں کو بے حال کر رکھا تھا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *