|

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ختم ہونے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے خاتمے سے متعلق سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں گردش کرنے والی خبروں پر اہم وضاحت سامنے آگئی ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کیے جانے کی خبریں مکمل طور پر بے بنیاد، گمراہ کن اور حقیقت کے منافی ہیں۔

ای کچہری کے دوران عوام سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو پریشان کرنے کے لیے مختلف نوعیت کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کے لاکھوں مستحق خاندانوں کے لیے ایک اہم سماجی تحفظ کا منصوبہ ہے، جس کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقے کی مدد کرنا اور انہیں بہتر زندگی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

ای کچہری کے دوران ایک شہری نے کہا کہ بی آئی ایس پی پورے پاکستان کے غریب اور مستحق افراد کے لیے ایک قومی فلاحی منصوبہ ہے، جو تمام صوبوں اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر خدمات انجام دے رہا ہے۔

اس پر چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا کہ یہ منصوبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس وژن کا تسلسل ہے جس کا مقصد ضرورت مند خاندانوں کو معاشی سہارا فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس پروگرام کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ پاکستان کے مستحق عوام کی خدمت سے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مستحق خاندانوں کو مالی معاونت کی فراہمی کا عمل مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے اور پروگرام اپنی پالیسی کے مطابق فعال ہے۔ عوام کو چاہیے کہ کسی بھی افواہ یا غیر مصدقہ خبر پر اعتماد کرنے کے بجائے متعلقہ ادارے کی جانب سے جاری کردہ معلومات کو ہی مستند سمجھیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *