بیٹوں سے بچانے کیلیے کھیت میں چھپائے لاکھوں روپے دیمک کھا گئی
بھارت میں ایک کسان نے اپنے بیٹوں سے رقم بچانے کے لیے 5 لاکھ روپے کھیت میں چھپا دیے، مگر بعد میں وہ رقم تلاش نہ کرسکا۔ تقریباً ایک سال بعد پیسوں سے بھرا بیگ ملا تو زیادہ تر نوٹ دیمک کھا چکی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان کے ایک گاؤں میں پیش آیا۔ کسان نے ایک سال قبل اپنی زمین کا ایک حصہ 5 لاکھ روپے میں فروخت کیا تھا اور اسے خدشہ تھا کہ بیٹے رقم خرچ کردیں گے۔
اسی خوف کے باعث اس نے رقم گھر میں رکھنے کے بجائے پلاسٹک کے بیگ میں منتقل کی۔ بعد ازاں اس نے کھیت میں گڑھا کھودا اور بیگ اس کے اندر چھپا دیا، لیکن کچھ عرصے بعد وہ خود بھی رقم کی جگہ بھول گیا۔
چند ماہ گزرنے پر کسان کو گھر میں تعمیراتی کام کے لیے پیسوں کی ضرورت پڑی۔ اس نے کھیت میں رقم تلاش کی، مگر کئی کوششوں کے باوجود بیگ کا کوئی سراغ نہ ملا۔
دوسری جانب کسان نے جب گھر والوں کو رقم چھپانے کا بتایا تو انہیں اس کی بات پر یقین نہیں آیا، تاہم خاندان نے مل کر کھیت میں تلاش شروع کی، لیکن رقم پھر بھی برآمد نہ ہوسکی۔
تقریباً ایک سال بعد مون سون کے دوران اچانک وہی بیگ کھیت میں پانی کے ساتھ تیرتا ہوا دکھائی دیا۔ کسان نے اہل خانہ کے ہمراہ بیگ کھولا تو اندر موجود نوٹ بری طرح خراب ہوچکے تھے۔
رپورٹ کے مطابق بیگ میں زیادہ تر 500 روپے کے نوٹ تھے۔ نمی اور طویل عرصے تک زمین میں رہنے کے باعث دیمک نے رقم کا بڑا حصہ تباہ کردیا تھا۔
بعد ازاں خاندان متاثرہ نوٹ لے کر بینک پہنچا، مگر وہاں بھی انہیں کسی قسم کی مالی مدد نہیں مل سکی۔ یوں رقم محفوظ رکھنے کی کوشش میں کسان کو 5 لاکھ روپے کا بڑا نقصان برداشت کرنا پڑا۔