لبنان سزائے موت ختم کرنے والا پہلا عرب ملک بن گیا
بیروت: لبنان کی پارلیمنٹ نے سزائے موت ختم کرنے کے قانون کی منظوری دے دی، جس کے بعد لبنان مشرق وسطیٰ کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں سزائے موت کو باضابطہ طور پر ختم کردیا گیا ہے۔لبنانی پارلیمنٹ نے قانون میں ترامیم کی منظوری دے دی، جس کے تحت سزائے موت کی جگہ عمر قید بامشقت دی جائے گی۔
پارلیمانی ووٹنگ کے بعد لبنان کے وزیر انصاف عادل نصار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سزائے موت کا خاتمہ لبنان کے لیے تاریخی دن ہے، اس فیصلے کے ذریعے لبنان خطے اور عالمی سطح پر اپنی قائدانہ حیثیت دوبارہ حاصل کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
وزیر انصاف نے وضاحت کی کہ سزائے موت کے خاتمے کو جرائم کے حوالے سے نرمی نہیں سمجھا جانا چاہیے، یہ فیصلہ کسی مجرم کو معاف کرنے کے بجائے ریاست کی جانب سے قتل کے عمل کو مسترد کرنے کا اظہار ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق قانون کی منظوری سے قبل لبنان میں 85 افراد سزائے موت کے منتظر تھے۔ تنظیم نے قانون کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق لبنان میں آخری مرتبہ سزائے موت پر 17 جنوری 2004 کو عمل درآمد کیا گیا تھا، جس کے بعد دو دہائیوں سے زائد عرصے سے ملک میں کسی شخص کو سزائے موت نہیں دی گئی۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے بھی لبنان کو قانون کی منظوری پر مبارکباد دیتے ہوئے ان ممالک سے اپیل کی جو اب بھی سزائے موت برقرار رکھے ہوئے ہیں کہ وہ لبنان کی پیروی کرتے ہوئے اس سزا کو ختم کریں۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس نے بھی لبنان کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے انسانی حقوق کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا، یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے لیے بھی ایک مثال بن سکتا ہے۔
لبنان کے وزیر انصاف کے مطابق سزائے موت ختم ہونے کے بعد ان ممالک کے ساتھ بھی تعاون میں بہتری آسکتی ہے جہاں سزائے موت کے خدشے کے باعث لبنان کی عدالتوں سے سزا پانے والے مفرور ملزمان کی حوالگی سے انکار کیا جاتا تھا۔