|

کامن ویلتھ گیمز سے پہلے گلاسگو میں اُڑتے ڈریگن نے سب کی توجہ حاصل کر لی

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ایک دیوقامت اڑنے والے ڈریگن نے شہریوں کو حیرت میں ڈال دیا، جہاں آسمان پر نمودار ہونے والے اس حقیقت سے قریب ماڈل کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

پہلی نظر میں یہ منظر کسی فلمی دنیا کا حصہ محسوس ہوا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ جدید ٹیکنالوجی سے تیار کردہ ایک خصوصی فلائنگ ماڈل ہے۔

2026 کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب سے قبل دریائے کلائیڈ، ایس ای سی آرماڈیلو اور او وی او ہائیڈرو کے اطراف تقریباً 8 میٹر لمبے ڈریگن نے فضائی چکر لگائے۔ اس کی حقیقت سے قریب پرواز اور حرکات نے شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کیا، جبکہ اس کے مناظر مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے شیئر کیے گئے۔

منتظمین کے مطابق یہ فلائنگ ماڈل معروف ٹی وی سیریز ’ہاؤس آف دی ڈریگن‘ میں دکھائے گئے ڈریگن ’سائریکس‘ کی عین نقل ہے، جسے سیریز میں استعمال ہونے والے تھری ڈی اسکینز کی مدد سے تیار کیا گیا۔ اس منصوبے پر 14 ماہرین نے تقریباً 3 ماہ تک مسلسل کام کیا اور مجموعی طور پر 3 ہزار گھنٹے صرف کیے۔

صرف 13 کلوگرام وزنی اس ماڈل کی تیاری میں کاربن فائبر، ایلومینیم اور خصوصی فوم استعمال کیا گیا، جبکہ اس کے پروں، سر، دم اور دیگر حصوں سمیت 23 متحرک اجزا اسے حقیقی مخلوق جیسی حرکات کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ اس کی ٹانگوں میں نصب جدید پروپلشن سسٹم نے اسے حقیقت سے قریب پرواز کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا اڑنے والا ڈریگن ماڈل ہے، جسے 2026 کامن ویلتھ گیمز کے استقبال کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کھیلوں، جدید ٹیکنالوجی اور فینٹسی کو یکجا کرنے کا مقصد شائقین کو منفرد تجربہ فراہم کرنا ہے، جبکہ گیمز کی نشریات مختلف پلیٹ فارمز پر جدید تکنیکی سہولیات اور خصوصی کوریج کے ساتھ نشر کی جائیں گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *