اہم شاہراہ ٹریفک کیلئے بند،اہم وجہ سامنے آگئی
کراچی(نیوز ڈیسک) تین تلوار کلفٹن پر سیاسی جماعت کے احتجاجی مظاہرے کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں کو شام 6 بجے سے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا، جس کے بعد ٹریفک پولیس ساؤتھ نے شہریوں کیلئے ڈائیورژن پلان جاری کردیا ہے۔
ٹریفک پولیس ساؤتھ کے مطابق میٹروپول سے تین تلوار تک کلفٹن برج کے ذریعے جانے والا راستہ بند رہے گا، اس کے علاوہ جے پی ٹی انڈر پاس اور بوٹ بیسن سے تین تلوار کی جانب جانے والی ٹریفک بھی بند کردی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ریس کورس سگنل اور باتھ آئی لینڈ سے تین تلوار جانے والا راستہ بھی ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بند راستوں کی جانب جانے سے گریز کریں اور اپنی منزل تک پہنچنے کیلئے متبادل راستے استعمال کریں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایئرپورٹ سے شہر کی جانب آنے والی ٹریفک سی ایس ڈی کی طرف بائیں مڑ کر آگے جاسکے گی، جبکہ جے پی ایم سی کی جانب سے آنے والی ٹریفک اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگی۔
بوٹ بیسن سے آنے والی ٹریفک کو پنجاب کالونی کی جانب بھیجا جائے گا، جبکہ دو تلوار سے آنے والی گاڑیاں زمزمہ اسٹریٹ کے راستے آگے جاسکیں گی۔
اسی طرح عبداللہ ہارون روڈ اور آواری سگنل سے آنے والی ٹریفک کو فاطمہ جناح روڈ اور کینٹ اسٹیشن کی جانب بھیجا جائے گا، چوہدری خلیق الزماں روڈ سے ضیا الدین روڈ جانے والی ٹریفک تین تلوار کی طرف نہیں جاسکے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتجاج کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بند شاہراہوں کا رخ نہ کریں اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
مزید پڑھیں۔حکومت کا ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آج 17اگست تک برقرار رکھنے کا فیصلہ