برطانیہ کے 3 بڑے ائیرپورٹس پر سائبر حملہ، 87 لاکھ صارفین کا حساس ڈیٹا چوری
برطانیہ کے تین بڑے ایئرپورٹس سائبر حملے کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں تقریباً 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ ہیکرز نے چوری شدہ معلومات واپس کرنے کے عوض تاوان بھی طلب کیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق مانچسٹر، اسٹینسٹڈ اور ایسٹ مڈلینڈز ایئرپورٹس پر سائبر حملہ کیا گیا، جس میں صارفین کی حساس معلومات ہیکرز کے ہاتھ لگنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متاثرہ ڈیٹا میں ای میل ایڈریسز، فون نمبرز، گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز اور پوسٹ کوڈز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کار پارکنگ، لاؤنج اور فاسٹ ٹریک سروسز کی بکنگ سے متعلق معلومات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ایئرپورٹس کے وائی فائی صارفین کا ڈیٹا بھی سائبر حملے کی زد میں آیا۔
مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ کے مطابق ہیکرز نے ہفتے کے اختتام پر صارفین کی رابطے کی معلومات، گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز اور پوسٹ کوڈز حاصل کیے۔ گروپ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ہیکرز نے ڈیٹا واپس کرنے کے بدلے تاوان کا مطالبہ کیا، تاہم کمپنی نے رقم ادا کرنے سے انکار کردیا۔ تاوان کی مطلوبہ رقم ظاہر نہیں کی گئی۔
کمپنی کے مطابق سائبر حملے سے مسافروں کی حفاظت یا ایوی ایشن سکیورٹی متاثر نہیں ہوئی، جبکہ ہیک کیے گئے نظام میں صارفین کی بینک یا ادائیگی سے متعلق معلومات محفوظ نہیں تھیں۔
گروپ کا کہنا ہے کہ تقریباً 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا، جس میں زیادہ تر ای میل ایڈریسز شامل ہیں۔ یہ معلومات ایئرپورٹ ٹرمینلز میں وائی فائی سروس کے لیے سائن اپ کرنے والے صارفین سے متعلق تھیں۔
مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈیٹا سکیورٹی کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور واقعے کے باعث ہونے والی کسی بھی پریشانی یا تشویش پر معذرت کی ہے۔
کمپنی کے مطابق اسے منگل کے روز سائبر حملے کا علم ہوا، جس کے فوری بعد ہیکرز کی مزید رسائی روک دی گئی اور متاثرہ صارفین کو بھی آگاہ کیا گیا۔
گروپ کا کہنا ہے کہ خطرے کو فوری طور پر محدود کردیا گیا ہے، جبکہ صارفین اور اپنے نظام کے تحفظ کے لیے ماہرین کی مدد سے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ حکام کو بھی سائبر حملے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔