آئی ایم ایف کا گیس کی قیمتوں میں کمی پر سخت اعتراض
اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے گیس کی قیمتوں میں کمی کرنے کے حکومتی اختیار کو محدود کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایم ایف نے تنبیہ کی ہے کہ صارفین کے لیے ٹیرف میں کسی بھی قسم کی کمی گیس کے شعبے میں گردشی قرضے کو مزید بڑھا سکتی ہے۔
کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو آگاہ کیا گیا کہ آئی ایم ایف نے ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی کے جائزوں کے دوران ٹیرف ڈیفرینشل پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عالمی ادارے نے اوگرا آرڈیننس 2002 میں مزید ترامیم پر زور دیا ہے تاکہ حکومت کو ریگولیٹر کی طے کردہ قیمتوں سے کم نرخ مقرر کرنے سے روکا جا سکے۔
آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا کی جانب سے قیمتوں کا تعین ہونے کے بعد حکومت اسے بروقت لاگو کرنے کی پابند ہو اور اس کی عمل درآمد رپورٹ بھی پیش کرے۔ اس اقدام کا مقصد گیس کے شعبے میں بڑھتے ہوئے مالی خسارے اور گردشی قرضوں کے بوجھ کو مستقل بنیادوں پر کم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گیس کے شعبے میں بجلی کے برعکس سبسڈی کے بجائے کراس سبسڈی کا نظام رائج ہے، جس میں صنعتی اور تجارتی صارفین پر بوجھ ڈال کر گھریلو صارفین کو ریلیف دیا جاتا ہے، تاہم سوئی گیس کمپنیوں کی جانب سے بلوں کی کم وصولی اور ناقص انتظام کی وجہ سے یہ شعبہ مالی بحران کا شکار ہے۔
حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے تحت گیس کے گردشی قرضے کی واضح تعریف متعین کرنے اور اس کے حجم کو کنٹرول کرنے کے لیے ماہانہ رپورٹنگ کا نظام قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس پلان کے تحت گیس کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے اصلاحات بھی شامل ہیں۔
اگر گیس کے شعبے میں وصولیوں کے مسائل حل نہ ہوئے تو تیل و گیس کی پیداواری کمپنیاں مالی مشکلات کا شکار ہوسکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں کی مالی استعداد متاثر ہونے سے ملکی خزانے پر بوجھ پڑے گا، اس لیے بروقت قیمتوں کا تعین اور اصلاحات ناگزیر ہیں۔