حیدرآباد ،واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن(واسا) ملازمین کا احتجاج 32 ویں روز بھی جاری
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (واسا کے ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے مسلسل 32ویں روز بھی حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ذاکر اللہ، محمد ندیم، شاہد خان، جاوید بھٹی اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کئی ماہ سے تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 19ماہ کی تنخواہیں اور پنشن نہ ملنے کے باعث ملازمین شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)، فنانس آفیسر اور من پسند عملے کو ہر ماہ باقاعدگی سے تنخواہیں اور تمام مراعات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ نچلے درجے کے ملازمین کی تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن کی ادائیگی کے لیے فنڈز نہ ہونے کا جواز پیش کیا جا رہا ہے، جو مزدور دشمنی کے مترادف ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ ادارے کو ہر ماہ کروڑوں روپے کی وصولیاں ہونے کے باوجود نچلے درجے کے ملازمین اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں۔انہوں نے سندھ کے وزیراعلی سید مراد علی شاہ اور وزیر بلدیات سے اپیل کی کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے واجب الادا تنخواہیں اور پنشن جلد از جلد ادا کی جائیں تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔