سنگاپور : بھارتی شہری کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر کا ہیرا چوری کرنے پر 2 سال قید

سنگاپور (انٹرنیشنل ڈیسک) سنگاپور کی ایک عدالت نے بھارتی شہری منگرولیا منوج کمار کرجی بھائی کو تقریباً ایک لاکھ 54ہزار امریکی ڈالر مالیت کا ہیرا چوری کرنے کے جرم میں 2 سال، 2 ماہ اور 2 ہفتے قید کی سزا سنا دی۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزمان، 42 سالہ منگرولیا اور اس کے 30 سالہ دوست سیراسیہ میلان رام نیک بھائی نے بھارت کے شہر سورت میں اصل ہیرے جیسا جعلی ہیرا تیار کروایا جس کا سائز اور سیریل نمبر بھی اصل سے ملتا تھا۔ دونوں 19 جون کو سنگاپور پہنچے اور چائنا ٹاؤن میں واقع زیورات کی دکان سے 4.95 قیراط کا ہیرا چوری کرنے کا منصوبہ بنایا۔ منوج کمار نے دکان کے سیلز منیجر کو مختلف زیورات دکھانے کے بہانے مصروف رکھا جبکہ اس کے ساتھی نے منہ میں چھپایا گیا جعلی ہیرا نکال کر اصل ہیرے سے تبدیل کر دیا اور اصلی ہیرا اپنے منہ میں چھپا لیا۔ یہ چوری سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گئی تھی۔ ملزمان دکان سے نکلنے کے بعد ہوٹل واپس گئے، وقت سے پہلے کمرہ خالی کیا اور اسی شام بھارت روانہ ہونے کے لیے پرواز بک کر لی تاہم چانگی ہوائی اڈے کے ٹرمینل پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران انہیں گرفتار اور اصلی ہیرا ملزم کے بیگ سے برآمد کر لیا گیا۔ ملزمان صرف جرم کی نیت سے سنگاپور آئے تھے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *