اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ای پاسپورٹ سہولیات میں اہم پیش رفت
اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ای پاسپورٹ سہولیات کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سینئر افسران کا اجلاس ہوا، جس میں محکمے کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ای پاسپورٹ سہولیات کے توسیعی منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ خدمات تک رسائی مزید آسان بنانے اور موجودہ طریقہ کار کو زیادہ مؤثر اور عوام دوست بنانے کے مختلف اقدامات زیر بحث آئے۔
حکام کی جانب سے اجلاس میں ای پاسپورٹ کے جدید حفاظتی نظام اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سکیورٹی خصوصیات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل کو تیز کرنے اور ادارہ جاتی کارکردگی مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
محمد علی رندھاوا نے قانونی اصلاحات اور پالیسی ریفارمز کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو مخصوص ذمہ داریاں بھی سونپ دیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ای پاسپورٹ سہولیات سے متعلق تمام اقدامات بروقت، مؤثر اور نتیجہ خیز انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں، بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق ای پاسپورٹ کے نظام میں جدید سکیورٹی فیچرز اور ڈیجیٹل سہولیات شامل کرنے سے پاسپورٹ خدمات کا معیار بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے رسائی بھی مزید آسان بنائی جا سکے گی۔