ایران میں موساد کیلیے جاسوسی کرنے والے دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
تہران: ایران نے امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے جرم میں سزا پانے والے دو افراد کو پھانسی دے دی۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی عدلیہ نے پھانسی پانے والے افراد کی شناخت امید بہزاد اور پوریا صفوت کے نام سے کی ہے۔ دونوں کو غداری اور جاسوسی کے الزامات ثابت ہونے کے بعد سزائے موت سنائی گئی تھی۔
ایرانی عدلیہ کا کہنا ہے کہ دونوں افراد نے اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد کے افسران کو ایرانی فوجی اور سیکیورٹی تنصیبات سے متعلق معلومات، تصاویر اور کوآرڈینیٹس فراہم کیے تھے۔
حکام کے مطابق یہ الزامات 13 جون 2025 کو ہونے والے اسرائیلی حملوں اور بعد ازاں امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں عائد کیے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق 13 روز تک جاری رہنے والی کشیدگی کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان فوجی کارروائیوں کا تبادلہ ہوا، جس میں واشنگٹن نے ایران کے اندر مختلف اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ تہران نے اردن، بحرین اور کویت سمیت بعض عرب ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
یہ کشیدگی امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے تعطل کے بعد مزید بڑھی، جو سیکیورٹی ضمانتوں اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی سمیت مختلف معاملات پر اختلافات کے باعث آگے نہ بڑھ سکے۔