پاکستان کا 79 واں یوم آزادی، ملک بھر میں جشن، عمارتیں قومی پرچموں سے سجا دی گئیں
پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد۔ ملک بھر میں جشنِ آزادی کا آغاز ہوگیا ہے، جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں، گھروں، بازاروں اور گلی محلوں کو قومی پرچموں اور سبز ہلالی پرچموں سے سجا دیا گیا ہے۔
رات 12 بجتے ہی ملک کے مختلف شہروں میں جشنِ آزادی کی تقریبات شروع ہوگئیں۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں چراغاں اور شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جبکہ شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے۔
لاہور میں گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جسے دیکھنے اور جشنِ آزادی منانے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی مختلف مقامات پر آتش بازی کی گئی، جبکہ شہری جشنِ آزادی کو بھرپور انداز میں منانے کے لیے سڑکوں پر موجود رہے۔
ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 14 اگست کی مناسبت سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جہاں جشنِ آزادی منانے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔