ملک بھر میں 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
اسلام آباد: پاکستان بھر میں 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔
آج دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوا، جبکہ نماز فجر کے اجتماعات میں ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
رات کے 12 بجتے ہی ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں آزادی کا جشن شروع ہو گیا تھا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ہر گلی اور محلہ سبز ہلالی پرچموں کی بہار سے سج گیا، اور شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔
لاہور کے گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک سمیت حیدرآباد اور ملتان کے اہم مقامات پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے کیے گئے۔ شہریوں نے پرجوش انداز میں آزادی کا جشن منایا اور ملک کے مختلف حصوں میں جشن آزادی کے سلسلے میں خصوصی ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق آرمی چیف، نیول چیف اور ائیر چیف نے قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کی۔ مسلح افواج کے سربراہان نے کہا کہ بانیانِ پاکستان کا وژن اور اصول ہمیں ملک کے نظریات اور اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل متاثر کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے محافظ کے طور پر مسلح افواج اپنے دفاعی عزم پر قائم ہیں۔ تمام تر خطرات کے باوجود مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے پاک فوج اور عوام متحد ہیں اور امن و استحکام کے لیے ثابت قدم رہیں گے۔
آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے جس میں پوری قوم ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد دکھائی دیتی ہے۔ ہر پاکستانی دل میں حب الوطنی کا جذبہ لیے یوم آزادی کے پرمسرت موقع پر خوشیاں منا رہا ہے اور وطن کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔
ملک بھر میں جاری جشن کا سلسلہ اور عوامی جوش و خروش پاکستان کی یکجہتی اور قومی اتحاد کی عکاسی کرتا ہے۔ اس پروقار موقع پر قومی اداروں اور عوام نے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔