|

ایران کی امریکی حملے کی صورت میں خلیجی ممالک کے بجلی نظام کو نشانہ بنانے کی دھمکی

تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے اس کے بجلی گھروں اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا تو جواب میں خلیجی ممالک کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے گا ۔

عالمی  میڈیا رپورٹس کے مطابق خلیجی ممالک کے 2 اعلیٰ عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران نے واضح پیغام دیا ہے کہ امریکی حملے کی صورت میں خلیجی ممالک کے بجلی کے بنیادی نظام اور اہم انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایک خلیجی عہدیدار کے مطابق ایران نے نہ صرف یہ انتباہ دیا بلکہ مبینہ طور پر ایسی اہم تنصیبات اور اہداف کی فہرست بھی پیش کی جنہیں ممکنہ جوابی کارروائی میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے، ان اہداف کی تفصیلات منظرعام پر نہیں لائی گئیں۔

ایک دوسرے علاقائی عہدیدار نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ اسی نوعیت کے انتباہی پیغامات مختلف خلیجی دارالحکومتوں تک پہنچائے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کے ان انتباہی پیغامات کے بعد خلیجی ممالک میں تشویش پائی جا رہی ہے کیونکہ ان ممالک کی معیشت، تیل کی برآمدات، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، مواصلاتی نظام اور دیگر بنیادی خدمات کا انحصار جدید بجلی کے نظام پر ہے۔

تاحال نہ تو امریکا نے اے ایف پی کی اس رپورٹ پر باضابطہ ردعمل دیا ہے اور نہ ہی ایران نے ان مبینہ دھمکیوں کی سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو امریکا ایران کی توانائی اور بجلی کی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر حملے کرے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مؤقف میں نرمی لاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی درخواست پر فوری حملے کا منصوبہ مؤخر کر دیا ہے تاکہ سفارتی مذاکرات کو کامیاب ہونے کا موقع دیا جا سکے۔

واضح رہے کہ امریکا، ایران، عمان، قطر اور دیگر علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی کو مستحکم بنانے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ اگرچہ فریقین کے درمیان ایک معاہدہ تقریباً طے پانے کی اطلاعات ہیں، کئی اہم معاملات پر اب بھی اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *