یومِ آزادی: کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
کراچی: پاکستان کے 79 ویں جشن آزادی کے موقع پر شہرِ قائد میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی انتہائی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
اس اہم تقریب کے دوران پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اپنے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارِ قائد پر حاضری دی۔ انہوں نے بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی، بقا اور خوشحالی کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی کی۔
واضح رہے کہ نیول کیڈٹس کا دستہ ہر سال آج کے دن یہ ذمہ داریاں سنبھالتا ہے۔
ملک بھر میں 14 اگست کا دن قومی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں توپوں کی سلامتی سے ہوا، جبکہ نمازِ فجر میں وطنِ عزیز کی ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ قوم آج شہداء کی قربانیوں کو یاد کر رہی ہے۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پر گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی مزارِ قائد پہنچے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آمد پر گورنر کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پاکستان کے وژن اور ملک کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
گورنر سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کا دن انتہائی بامعنی ہے جس میں ہم تحریکِ پاکستان کے رہنماؤں اور لاکھوں مہاجرین کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ناقابلِ تسخیر بن چکا ہے اور ایٹمی قوت ہونا ہماری ایک بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا ہے اور صوبہ سندھ کو اس قیام میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہم ترقی کی نئی منازل طے کر سکتے ہیں۔