میر رضا کا قتل امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے، جاوداں فہیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم نے 25سالہ نوجوان تاجر میر رضا علی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ایک نوجوان کی جان کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور اہل خانہ کے لیے ناقابلِ تلافی صدمہ ہے اس کے ساتھ ساتھ نظامِ عدل و انصاف پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ یہ سفاک واقعہ اپنی محنت اور صلاحیت سے آگے بڑھنے والے نوجوانوں کو مایوسی میں دھکیلنے کا سبب بن سکتا ہے جو کسی طور قابل قبول نہیں۔ کوئی بھی معاشرہ کفر پر تو قائم رہ سکتا ہے مگر ظلم و ناانصافی پر نہیں۔ ناظمہ کراچی نے مطالبہ کیا کہ میر رضا علی کے قتل کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات مکمل کرکے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کو خوف کے ماحول سے نجات اور بلاامتیاز تحفظ فراہم کرنا وفاقی و صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ میر رضا علی کے لواحقین سے تعزیت کے موقع پر ناظمہ کراچی جاوداں فہیم کے ہمراہ ان کی نائبین ندیمہ تسنیم اور شیبا طاہر موجود تھیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *