وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے عباس عراقچی کی ملاقات: امن و استحکام کے لئے کوششوں پر تبادلہ خیال
تہران : پاکستان کے وزیرداخلہ محسن اور ایران کے وزیرخارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں علاقائی امن واستحکام کے لئے جاری کوششوں پر تبادلۂ خیال کیاگیا۔
محسن نقوی منگل کے روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے تہران کے ہوائی اڈے پر اپنے پاکستانی ہم منصب کا استقبال کیا۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق تہران پہنچنے کے بعد محسن نقوی نے منگل کی شام ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت، خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال اور امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دل چسپی کے امور پر بھی گفتگو کی۔
دورۂ ایران کے دوران پاکستانی وزیر داخلہ کی ایرانی حکام سے مزید ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں دو طرفہ امور اور باہمی دل چسپی کے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
محسن نقوی کا دورۂ ایران ایک ماہ بعد ہو رہا ہے۔ گزشتہ ماہ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔