پنجاب میں حقیقی ترقی کے بجائے نمائشی اقدامات ہورہے ہیں: حافظ نعیم الرحمان
لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں حقیقی اور بنیادی نوعیت کے کام کم جبکہ نمائشی اقدامات زیادہ کیے جارہے ہیں، حکومت کو عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے پر توجہ دینا چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث شہریوں میں بے چینی بڑھ رہی ہے، جبکہ نوجوان نسل بھی مایوسی کا شکار ہورہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک سے نوجوانوں کا بیرون ملک جانے کا رجحان بڑھ رہا ہے اور برین ڈرین میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں، جس کا براہ راست اثر ملک کی مجموعی ترقی پر پڑ رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ٹیکسوں کا بڑھتا ہوا بوجھ بھی اہم مسئلہ ہے۔ انکم ٹیکس کا زیادہ تر بوجھ تنخواہ دار طبقے پر ڈالا جارہا ہے جبکہ عام شہری پہلے ہی مختلف اقسام کے ٹیکسوں کی بھرمار کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہے۔
انہوں نے ملک میں بدعنوانی کے پھیلاؤ پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مختلف شعبوں میں کرپشن کے مسائل موجود ہیں اور عام آدمی کو اس کے نتائج بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ معاشی دباؤ کم کرنے کے لیے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور بدعنوانی کے خاتمے کی ضرورت ہے۔
پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ صوبے میں ایسے منصوبوں اور اقدامات کی تشہیر زیادہ کی جارہی ہے جو عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے بجائے محض نمائشی نوعیت کے ہیں۔ حکومت کو حقیقی عوامی مسائل پر توجہ دے کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ وہ آج راولپنڈی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ اس دوران تاجر برادری کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ اپنے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آرہی اور جماعت اسلامی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دینے سے گریز کیا جارہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ اگر اس نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری خود انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت نہ دی گئی تو جماعت اسلامی راولپنڈی اور اسلام آباد کی سڑکوں پر دھرنا دے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور انہیں اپنے حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ عوام میں سیاسی و سماجی شعور پیدا کرنے کی کوششوں میں جماعت اسلامی کو کامیابی حاصل ہورہی ہے اور عوامی مسائل کو مزید بھرپور انداز میں سامنے لایا جائے گا۔