کسٹمز بانڈڈ ویئر
|

کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں بے ضابطگیاں ناقابل برداشت، وزیراعظم نے آڈٹ کا حکم دیدیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا 3 سالہ آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ ان ویئر ہاؤسز میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسلام آباد میں ایف بی آر امور سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا بھی حکم دیا۔

اجلاس میں کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ وی-باک نظام کے ذریعے ویئر ہاؤسز میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی کی جارہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بانڈڈ تجارت ملک کی مجموعی درآمدات کا 16.5 فیصد حصہ ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر اب ملک بھر کے بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں موجود اسٹاک کی فزیکل ویریفکیشن بھی کرائی جائے گی۔

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ویئر ہاؤسز کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس کے علاوہ ان مراکز میں ویلیوایشن ٹیسٹنگ ہوگی جبکہ متعلقہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹمز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ وزیراعظم نے نگرانی اور احتساب کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، مصدق ملک، محمد اورنگزیب اور عطاء اللہ تارڑ شریک ہوئے۔ علی پرویز ملک، شزا فاطمہ، ہارون اختر، عثمان اویسی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *