بھارت میں امتحانی اصلاحات کے لیے احتجاج پولیس کا طلبہ پر آنسو گیس، واٹر کینن اور لاٹھی چارج
رانچی/نئی دہلی ( صباح نیوز) بھارت کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں سرکاری بھرتیوں کے امتحانات میں اصلاحات اور مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کرنے والے ہزاروں طلبہ اور ملازمت کے امیدواروں پر پولیس نے آنسو گیس، واٹر کینن اور لاٹھیوں کا استعمال کیا۔ مظاہرین ریاستی دارالحکومت رانچی میں اسمبلی کی عمارت کی جانب مارچ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ احتجاج کرنے والے طلبہ گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے سے جھارکھنڈ کے سرکاری امتحانی نظام میں جامع اصلاحات، شفافیت اور مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مظاہرین 25 جولائی سے رانچی کے ایک اسٹیڈیم میں موجود ہیں، جہاں بعض افراد کھلے آسمان تلے رات گزار رہے ہیں جبکہ کئی مظاہرین بھوک ہڑتال بھی کر چکے ہیں۔ حکام کے مطابق پیر کے روز مظاہرین کے ایک گروپ نے پولیس کی جانب سے قائم کی گئی رکاوٹیں عبور کرنے کی کوشش کی، جس پر ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن، آنسو گیس اور لاٹھیوں کا استعمال کیا گیا۔ بعض مظاہرین زخمی بھی ہوئے، تاہم زخمیوں کی سرکاری تعداد فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔