| | |

ٹرمپ کا ایران کے خلاف سخت ترین اقتصادی جنگ کا اعلان، معاون ممالک کو انتباہ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اب تک کی سخت ترین معاشی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے اسے اقتصادی جنگ کا نام دیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ تہران کو غیر معمولی پیمانے پر تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا ، جب کہ امریکی دباؤ بھی مسلسل برقرار رہے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو بین الاقوامی معاہدوں کے لیے ماضی میں کئی مواقع فراہم کیے گئے، مگر تہران نے ان سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔ اب مزید رعایت دینے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ایران کی فضائیہ اور بحریہ کو شدید نقصانات پہنچ چکے ہیں ، ان کی فوجی تنصیبات تباہ حال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہران کی موجودہ معاشی حالت انتہائی کمزور ہو چکی ہے اور ملک اب مزید بحران کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ٹرمپ نے تنبیہ کی کہ جو بھی ملک ایران کو کسی بھی قسم کا معاشی سہارا فراہم کرے گا، اسے بھی سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایسے ممالک کے خلاف سخت معاشی اقدامات کرے گا جو تہران کی امداد میں ملوث پائے گئے۔

امریکی صدر نے ایران کی جانب سے تیل کی اسمگلنگ، خفیہ مالیاتی لین دین اور کیش ٹرانسفرز پر بھی پابندیوں کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایکسچینج ہاؤسز، شپ رجسٹریز اور فرنٹ کمپنیوں کے ذریعے ایران کی مدد کرنے والوں کو اب ہر صورت روکنا ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس صورتحال کو اقتصادی ڈی-ڈے قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران کو مکمل تنہا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ تہران کو کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس بیان کے بعد عالمی منڈیوں میں اضطراب دیکھا جا رہا ہے جبکہ ایران کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ مبصرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ نیا بیان مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو ایک نئے اور خطرناک موڑ پر لے آئے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *