جولائی 2026 میں پاکستان کی برآمدات میں زبردست اضافہ، نئے اعداد و شمار جاری
اسلام آباد(رضوان عباسی ): پاکستان کی برآمدات جولائی 2026 میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے نئے مالی سال کا آغاز حوصلہ افزا انداز میں ہوا۔ پاکستان بیورو آف شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ تجارتی اعداد و شمار کے مطابق خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملکی برآمدات میں سالانہ اور ماہانہ دونوں بنیادوں پر قابل ذکر بہتری دیکھی گئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 کے دوران پاکستان کی برآمدات 2 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال جولائی 2025 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 68 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تھا۔ اس طرح ایک سال کے دوران برآمدات میں 9.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح ماہانہ بنیاد پر بھی برآمدات میں غیر معمولی بہتری دیکھنے میں آئی۔ جون 2026 میں برآمدات 2 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں، جو جولائی میں بڑھ کر 2 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس طرح ایک ماہ کے دوران 31.09 فیصد اضافہ سامنے آیا۔
دوسری جانب جولائی 2026 میں درآمدات کا حجم 6 ارب 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 17.99 فیصد زیادہ ہے۔ تاہم جون 2026 کے مقابلے میں درآمدات میں 0.17 فیصد معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جسے معاشی ماہرین مثبت اشارہ قرار دے رہے ہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2026 کے دوران ملک کا تجارتی خسارہ 3 ارب 94 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہا۔ اگرچہ سالانہ بنیاد پر تجارتی خسارے میں 25.17 فیصد اضافہ ہوا، تاہم ماہانہ بنیاد پر یہ خسارہ 15.22 فیصد کم رہا، جو درآمدات میں معمولی کمی اور پاکستان کی برآمدات جولائی 2026 میں اضافے کا نتیجہ ہے۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کے پہلے مہینے میں برآمدات میں ہونے والا اضافہ ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق اگر آنے والے مہینوں میں برآمدات کا یہی رجحان برقرار رہا تو تجارتی خسارے میں مزید کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کی توقع کی جا سکتی ہے۔