واٹس ایپ گروپس کے نئے فیچرز، صارفین کے لیے 3 بڑی سہولتیں متعارف
ویب ڈیسک: واٹس ایپ گروپس کے نئے فیچرز متعارف کرا دیے گئے ہیں، جن کا مقصد گروپ چیٹس کو زیادہ منظم، تیز اور آسان بنانا ہے۔ میٹا کے مطابق ان نئی سہولتوں سے نہ صرف گروپ ایڈمنز بلکہ عام صارفین بھی بہتر انداز میں گروپ مینجمنٹ کر سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی اپ ڈیٹس کے ذریعے پول فیچر کو مزید اسمارٹ بنایا گیا ہے، نئے گروپ بنانے کا عمل آسان کر دیا گیا ہے اور تمام اراکین کو ایک ساتھ نوٹیفائی کرنے کے لیے نیا @all مینشن فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔
اسمارٹ پول فیچر میں نئی سہولتیں
واٹس ایپ نے پول فیچر میں متعدد تبدیلیاں متعارف کرائی ہیں۔ اب صارفین پول بناتے وقت اس کی ایکسپائری ٹائم مقرر کر سکیں گے، جس کے بعد پول خودکار طور پر بند ہو جائے گا۔
اس کے علاوہ پول میں ووٹ دینے والوں کی شناخت پوشیدہ رکھنے کا آپشن بھی دستیاب ہوگا، جبکہ پول پوسٹ ہونے کے بعد 15 منٹ تک اس میں ترمیم بھی کی جا سکے گی۔
ایک کلک سے نیا گروپ بنائیں
میٹا نے گروپ بنانے کے عمل کو بھی پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دیا ہے۔ اب کسی موجودہ گروپ کے ممبران کی فہرست استعمال کرتے ہوئے صرف ایک کلک میں نیا گروپ تشکیل دیا جا سکے گا، جس سے بار بار اراکین کو الگ الگ شامل کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
یہ سہولت ان صارفین کے لیے خاص طور پر مفید ہوگی جو ایک ہی ممبران کے ساتھ مختلف موضوعات پر الگ الگ گروپس بناتے ہیں۔
@all مینشن فیچر بھی شامل
واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کے لیے @all مینشن فیچر بھی متعارف کرا دیا ہے۔ اس کے ذریعے صارف ایک ہی پیغام میں تمام گروپ ممبران کو نوٹیفکیشن بھیج سکے گا۔
تاہم اگر کسی گروپ میں 32 سے زیادہ اراکین موجود ہوں تو @all مینشن استعمال کرنے کی اجازت صرف گروپ ایڈمنز کو ہوگی۔ صارفین اپنی سہولت کے مطابق ایسے نوٹیفکیشنز کو میوٹ بھی کر سکیں گے۔
میٹا کے مطابق ان فیچرز کو مرحلہ وار صارفین کے لیے جاری کیا جا رہا ہے، جس کے بعد دنیا بھر میں واٹس ایپ گروپس کا استعمال پہلے سے زیادہ مؤثر اور آسان ہو جائے گا۔