کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا، شہر کے بعض حصوں میں ہلکی جبکہ کئی مقامات پر تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شدید گرمی اور حبس کی کیفیت میں نمایاں کمی آگئی۔
شہر کے علاقے سرجانی ٹاؤن، گلشنِ معمار اور گردونواح میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، جبکہ گڈاپ میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے موسم کا رخ بدل دیا۔ بارش کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف علاقوں میں سیاہ بادلوں نے ڈیرے جما لیے، جس کے باعث مزید بارش کا امکان بھی بڑھ گیا ہے۔
موسمی ماہرین کے مطابق سازگار فضائی حالات اور غیر معمولی گرمی کے باعث کراچی اور اس سے ملحقہ علاقوں کے اوپر مقامی بارش برسانے والے بادل تشکیل پائے، جنہوں نے شام کے اوقات میں برسنا شروع کیا۔ شہر کے مختلف حصوں میں اب بھی آسمان پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں، جس کے پیش نظر وقفے وقفے سے مزید بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے پہلے ہی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے اور بارش کی پیش گوئی کر رکھی تھی۔ اس سے قبل دن بھر شہر شدید گرمی اور حبس کی لپیٹ میں رہا، تاہم بارش شروع ہوتے ہی موسم میں واضح تبدیلی محسوس کی گئی۔