اگست 2026 کی سرکاری تعطیلات، ملازمین اور طلبہ کیلئے خوشخبری آگئی
اسلام آباد: اگست 2026 کی سرکاری تعطیلات کے حوالے سے سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کے لیے خوش آئند صورتحال سامنے آئی ہے۔ یومِ آزادی، متوقع عید میلاد النبی ﷺ اور ہفتہ وار تعطیلات کے باعث اگست کا مہینہ معمول سے زیادہ آرام اور طویل ویک اینڈز لے کر آ سکتا ہے۔
2026 کے کیلنڈر کے مطابق اگست میں وفاقی حکومت کی دو عام سرکاری تعطیلات متوقع ہیں۔ اس مہینے میں پانچ ہفتے مکمل ہونے کی وجہ سے ہفتہ اور اتوار بھی پانچ، پانچ مرتبہ آئیں گے، جس سے ان اداروں میں جہاں ہفتہ اور اتوار دونوں دن تعطیل ہوتی ہے، مجموعی طور پر 12 چھٹیوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب جن سرکاری یا نجی دفاتر میں صرف اتوار کو تعطیل ہوتی ہے، وہاں ملازمین کو پانچ اتوار اور دو متوقع سرکاری تعطیلات ملا کر 7 دن کی چھٹی مل سکتی ہے۔
یومِ آزادی پر طویل ویک اینڈ
اگست کی سب سے اہم سرکاری تعطیل 14 اگست، یومِ آزادی کی ہوگی، جو اس سال جمعہ کے روز آ رہی ہے۔ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات شامل ہونے سے متعدد ملازمین اور طلبہ کو 14، 15 اور 16 اگست پر مشتمل مسلسل تین روزہ طویل ویک اینڈ میسر آنے کا امکان ہے۔
عید میلاد النبی ﷺ کی متوقع تعطیل
اگست کی دوسری متوقع عام تعطیل عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہوگی۔ موجودہ قمری کیلنڈر کے مطابق 12 ربیع الاول 25 اگست 2026 کو متوقع ہے، تاہم اس تاریخ کا حتمی فیصلہ چاند کی رویت کے بعد کیا جائے گا۔
اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوا تو 12 ربیع الاول 26 اگست (بدھ) کو ہوگی۔ اس لیے عید میلاد النبی ﷺ کی سرکاری تعطیل کی حتمی تاریخ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان اور بعد ازاں وفاقی حکومت کے باضابطہ نوٹیفکیشن کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
حکام کے مطابق شہری سرکاری تعطیلات کے حتمی شیڈول کے لیے وفاقی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کا انتظار کریں۔