مٹیاری،عالمی یوم پھیپھڑوں کے کینسر پر آگاہی واک
مٹیاری (نمائندہ جسارت)عالمی یومِ پھیپھڑوں کے کینسر پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مٹیاری کی آگاہی واک، تمباکو نوشی سے اجتناب اور بروقت تشخیص پر زور۔ عالمی یومِ پھیپھڑوں کے کینسر کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مٹیاری کی جانب سے عوام میں پھیپھڑوں کے کینسر، اس کے خطرات، بچاؤ کی تدابیر اور بروقت تشخیص کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔آگاہی واک کی قیادت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاہد صدر نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹروں، میڈیکل افسران، پیرا میڈیکل اسٹاف، لیڈی ہیلتھ ورکرز، مختلف صحت پروگراموں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زاہد صدر نے کہا کہ پھیپھڑوں کا کینسر دنیا بھر میں کینسر سے ہونے والی اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی اس بیماری کی سب سے بڑی وجہ ہے، جبکہ دوسروں کے سگریٹ کے دھوئیں، فضائی آلودگی، پیشہ ورانہ خطرات اور ماحولیاتی عوامل سے بھی اس بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ تمباکو کے ہر قسم کے استعمال سے گریز کریں، صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں اور اگر مسلسل کھانسی، سینے میں درد، خون والی کھانسی، بلاوجہ وزن میں کمی یا سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر مستند معالج سے رجوع کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیماری کی بروقت تشخیص اور فوری علاج سے مریض کے صحت یاب ہونے کے امکانات میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مٹیاری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام میں صحت سے متعلق آگاہی، احتیاطی تدابیر کے فروغ اور پھیپھڑوں کے کینسر سمیت غیر متعدی امراض کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔