تاجر تنظیموں کا حافظ نعیم کی اپیل پر لبیک ‘آج تاریخی احتجاج ہوگا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیٹرول کی قیمتوں میں روزانہ ظالمانہ اضافے اور بھتا لیوی کے خلاف آج امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ہونے والے احتجاج میں کراچی کی مزید تاجر تنظیموں نے بھرپور شرکت کا اعلان کر دیا۔پاکستان کنفیکشنری ایسوسی ایشن کے صدر جاوید حاجی عبداللہ، لی مارکیٹ ٹریڈرز الائنس کے جنرل سیکرٹری عبداللہ یوسف زئی،آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے مرکزی جنرل سیکرٹری محبوب اعظم،پیپر مارکیٹ اسمال ٹریڈرز گروپ کے رہنما سید لیاقت علی، زرگراں الائنس لیاقت آباد کے رہنما اکرم قریشی،کراچی اسپورٹس مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم ملک، کراچی میلاد الائنس کے صدر سلیم قادری ترابی، لیاقت آباد کریانہ مارکیٹ کے صدر انصار بیگ قادری، طارق روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر اسلم بھٹی اور نائب صدر محمد اعظم نے پیٹرولیم کی قیمتوں میں روزانہ اضافے کو ظلم قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور آج کے احتجاج کو عوام اور تاجروں کی دل کی آواز قرار دیا۔جمعرات کو جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری وسابق رکن صوبائی اسمبلی یونس بارائی اور اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کے صدر محمود حامد نے مارکیٹوں کا دورہ کیا اور تاجر رہنماؤں کو جمعہ 7 اگست کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی۔ تمام تاجر رہنماؤں نے دعوت کو قبول کرتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ احتجاج کراچی کے تاجروں کے دل کی آواز ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے ہمارے کاروبار تباہ ہو چکے ہیں اور روزانہ کے اخراجات اٹھانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی یہ کال عوام اور تاجروں کی اپنی کال ہے، لہٰذا تمام تاجر اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔ جماعت اسلامی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی یونس بارائی نے اس موقع پر تاجر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا ۔