وزیراعظم شہباز شریف فیلڈ مارشل کیساتھ 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ 3 روزہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے، جدہ ائرپورٹ پر نائب گورنر مکہ، وزیر زراعت عبدالرحمان بن عبدالمحسن الفضلی نے وزیراعظم شہبا زشریف کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پرسعودی عرب کادورہ کررہے ہیں۔ نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات ہوگی جس میں برادرانہ تعلقات اور شراکت داری مزید مضبوط کرنے اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے دورے کے دوران عمرہ بھی ادا کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پرحاضری بھی دیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق علاقائی امن، سفارتی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے فروغ کے لیے دورہ اہم ہے۔