حافظ نعیم الرحمن کا کوئٹہ کوئلہ کان حادثہ پر اظہار افسوس

اسلام آباد( نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کوئٹہ کے علاقے سورنج میں کوئلہ کان حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کان میں پھنسے تمام مزدوروں تک جلد از جلد رسائی یقینی بنائی جائے اور امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدور انتہائی خطرناک حالات میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، اس لیے ان کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے المناک واقعات کے بعد صرف تعزیتی بیانات کافی نہیں، بلکہ حکمرانوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کان کنی کے شعبے میں حفاظتی معیار بہتر بنانے چاہئیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کی کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جائے، مزدوروں کو ضروری حفاظتی سہولیات فراہم کی جائیں اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے جامع پالیسی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، ان کی زندگیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *