ایک سانس میں پانی کے اندر 86 پش اپس، یوگا ٹیچر نے عالمی ریکارڈ بنا ڈالا
ویتنام میں مقیم بھارتی یوگا استاد نے غیر معمولی جسمانی مہارت، مضبوط اعصاب اور سانس پر بے مثال کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانی کے اندر ایک ہی سانس میں 86 پش اپس مکمل کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
38 سالہ کمل کلوئی نے یہ منفرد کارنامہ ویتنام کے ایک سوئمنگ پول میں انجام دیا، جہاں انہوں نے بغیر سانس لیے مسلسل 86 پش اپس مکمل کیے۔ ان کی اس شاندار کارکردگی کو بعد ازاں عالمی ریکارڈ کے طور پر تسلیم کر لیا گیا۔
کمل کلوئی کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کے پیچھے برسوں کی مسلسل محنت، سخت جسمانی تربیت اور سانس روکنے کی خصوصی مشقیں شامل ہیں، کیلستھینکس طرز کی ورزشوں نے نہ صرف ان کی جسمانی طاقت میں اضافہ کیا بلکہ پانی کے اندر طویل وقت تک متوازن انداز میں رہنے کی صلاحیت بھی پیدا کی، جس کی بدولت وہ یہ مشکل چیلنج مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کمل کلوئی نے عالمی سطح پر اپنی منفرد صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہو۔ اس سے قبل 2020 میں بھی انہوں نے پانی کے اندر مسلسل 21 یوگا آسن مکمل کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، جس کے بعد ان کا نام عالمی ریکارڈز کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔
عالمی ریکارڈز کے ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کمل کلوئی نے بتایا کہ انہیں بچپن ہی سے ایسے منفرد کارنامے انجام دینے کا شوق تھا جو عام لوگوں سے ہٹ کر ہوں، جب بھی وہ کسی کو عالمی ریکارڈ قائم کرتے یا غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے دیکھتے تو ان کے اندر بھی کچھ مختلف کرنے کا جذبہ مزید مضبوط ہو جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی بڑے ہدف کے حصول کے لیے صرف جسمانی طاقت کافی نہیں ہوتی بلکہ نظم و ضبط، ذہنی یکسوئی اور طویل عرصے تک مستقل مزاجی سے کی جانے والی مشق بھی کامیابی کی بنیادی شرط ہے۔ ان کے مطابق یہی عوامل انہیں اس نئے عالمی اعزاز تک لے کر آئے۔
عالمی ریکارڈز کے ادارے کے حکام نے کمل کلوئی کی جانب سے پیش کیے گئے تمام شواہد، ویڈیو ریکارڈنگ اور متعلقہ دستاویزات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد پانی کے اندر ایک ہی سانس میں 86 پش اپس مکمل کرنے کے اس غیر معمولی کارنامے کی باضابطہ توثیق کر دی، جس کے ساتھ ہی یہ منفرد اعزاز ان کے نام درج ہو گیا۔