دریائے راوی: ہیڈ سدھنائی پر سیلاب دم توڑ گیا، بہاؤ معمول پر آگیا
دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر سیلابی صورتحال ختم ہو گئی اور پانی کا بہاؤ معمول پر آ گیا۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں سکھر بیراج پر پانی کی آمد بڑھ کر 2 لاکھ 78 ہزار کیوسک ہو گئی ہے، جس کے باعث نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ کالا باغ، تونسہ اور گڈو بیراج پر بھی نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
ادھر ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالا میں دریائے چناب کا سیلابی پانی دو درجن سے زائد بستیوں میں داخل ہو گیا، جس کے باعث متعدد خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو گئے، جبکہ پانی میں ڈوب کر ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
سرگودھا میں شدید بارش کے باعث ڈیری فارم کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر دو بچے جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے، جبکہ شیخوپورہ میں آبی ریلے کے باعث ریلوے ٹریک بھی متاثر ہوا۔