ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں ہمار اکوئی ڈاکٹر ملوث ہوا توکارروائی کرینگے‘سعید غنی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ و چیئرمین گورننگ باڈی سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) نے کہا ہے کہ ایچ آئی وی کے پھیلاؤ میں ہمارا کوئی بھی ڈاکٹر، پیرا میڈیکل اسٹاف یا افسر ملوث ہوا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ایشو پر ہماری پالیسی مکمل واضح اور صاف پالیسی ہے کہ کسی قسم کی کسی کو بھی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام بچوں کا ڈیٹا بشمول وہ بچے جو اس سے متاثر ہوکر جاں بحق ہوئے ہیں‘ ان کا ڈیٹا فوری مرتب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سیسی کی گورننگ باڈی کے بجٹ 2026-27ء اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری محنت سندھ ساجد جمال ابڑو، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو، ارکان گورننگ باڈی عبد الجبار خان، خلیل بلوچ، محمد خان ابڑو، زہرا خان، مختار اعوان، عبدالواحد شورو کے علاوہ سیسی کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سیسی کے سالانہ بجٹ 2026-27ء کی منظوری دی گئی۔ سعید غنی نے کہا کہ ایچ آئی وی سے متاثرہ تمام بچوں کا ڈیٹا بشمول وہ بچے جو اس سے متاثر ہوکر جاں بحق ہوئے ہیں‘ ان کا ڈیٹا فوری مرتب کیا جائے۔ تمام متاثرہ فیملیز کی مکمل رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے تاکہ ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جاسکے۔سعید غنی نے کہا کہ سیسی میں کنٹربیوشن کو شفاف بنانے اور زیادہ سے زیادہ مزدوروں کو رجسٹرڈ کرنے کے لیے تمام نظام کو ڈیجیٹلائیز کیا جارہا ہے۔