|

گوگل اکاؤنٹس کے لیے سیلفی ویڈیو سے سائن اِن کی سہولت متعارف

صارفین کے اکاؤنٹس کو جعل سازی، نقب زنی اور مصنوعی ویڈیوز کے ذریعے ہونے والے دھوکے سے محفوظ بنانے کے لیے گوگل نے ایک نیا حفاظتی نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب مختصر سیلفی ویڈیو کی مدد سے نہ صرف اکاؤنٹ میں داخل ہونا بلکہ ضرورت پڑنے پر اسے دوبارہ بحال کرنا بھی ممکن ہوگا۔

ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق گوگل  کی جانب سے سیلفی ویڈیو ویریفکیشن فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر روایتی تصدیقی طریقوں کے متبادل کے طور پر تیار کیا گیا ہے، تاکہ اگر کسی صارف کو معمول کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہ ہو سکے تو وہ اپنی شناخت کی تصدیق سیلفی ویڈیو کے ذریعے کرا سکے۔ اس مقصد کے لیے صارف کو صرف چند لمحوں پر مشتمل اپنی ویڈیو ریکارڈ کرنا ہوگی، جسے بعد میں شناخت کی توثیق کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق گوگل نے بتایا کہ اکاؤنٹ میں داخل ہونے کے دوران نظام صارف سے حقیقی وقت میں مخصوص انداز میں سر حرکت دینے کا تقاضا کرے گا، جس کے ذریعے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ سامنے موجود شخص حقیقی صارف ہی ہے۔ اس طریقۂ کار سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کی گئی جعلی ویڈیوز اور ساکت تصاویر استعمال کرکے دھوکا دینے کی کوششوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا جا سکے گا۔

کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ریکارڈ کی جانے والی سیلفی ویڈیو محفوظ رکھی جائے گی جبکہ آئندہ ہر مرتبہ شناخت کی جانچ کے لیے تازہ ویڈیو کا موازنہ محفوظ ریکارڈ سے کیا جائے گا تاکہ صارف کی شناخت درست طور پر یقینی بنائی جا سکے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ صارفین کی رازداری کو مدنظر رکھتے ہوئے محفوظ کی جانے والی ویڈیو کو مضبوط خفیہ تحفظ فراہم کیا جائے گا، جبکہ ہر صارف کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ اپنے اکاؤنٹ کی ترتیبات میں جا کر کسی بھی وقت اپنی محفوظ سیلفی ویڈیو مستقل طور پر حذف کر سکے۔

کمپنی کے مطابق اس نئی سہولت کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم اسے مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین تک پہنچایا جائے گا، جس کے باعث مختلف خطوں میں اس کی دستیابی کا وقت مختلف ہو سکتا ہے۔

اس فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو اپنے گوگل اکاؤنٹ کی ترتیبات میں جا کر حفاظتی اختیارات کھولنے ہوں گے، جہاں سیلفی ویڈیو کا انتخاب کرنے کے بعد فون یا کمپیوٹر کے کیمرے کے ذریعے اسکرین پر ظاہر ہونے والی ہدایات کے مطابق سر کو حرکت دیتے ہوئے مختصر ویڈیو ریکارڈ کرنا ہوگی، جس کے بعد یہ نظام اکاؤنٹ کی تصدیق اور بحالی کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *