| |

وفاقی حکومت کا فوری طورپر 10لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے اور صوبوں کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے فوری طور پر 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ سرکاری ذخائر میں موجود گندم بھی بلا تاخیر صوبوں کے حوالے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

 نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عوام کو مناسب نرخوں پر معیاری گندم کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے وفاقی حکومت اور چاروں صوبوں کے درمیان گندم کی موجودہ صورتحال، دستیاب ذخائر، طلب، رسد اور قیمتوں سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ سرکاری ادارے پاسکو کے پاس موجود گندم کے ذخائر صوبوں کی فوری ضروریات کے مطابق فراہم کیے جائیں تاکہ کسی ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران یہ بھی واضح کیا گیا کہ صوبوں کی مجموعی طلب پاسکو کے دستیاب ذخائر سے کہیں زیادہ ہے، جس کے باعث صرف سرکاری ذخائر پر انحصار کرنا ممکن نہیں۔

اسی تناظر میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی ضرورت پوری کرنے، رسد کے نظام کو برقرار رکھنے اور مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر 10 لاکھ ٹن گندم بیرون ملک سے درآمد کی جائے گی۔

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری اور سستی گندم کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے، اسی مقصد کے تحت پاسکو کے ذخائر فوری طور پر صوبوں کے حوالے کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی علاقے میں سپلائی متاثر نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے آئندہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اس اقدام سے نہ صرف ملک بھر میں گندم کی طلب پوری کرنے میں مدد ملے گی بلکہ منڈی میں استحکام برقرار رہے گا اور عوام کو مناسب نرخوں پر گندم کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *