وزیراعظم آزاد کشمیر کا انٹرنیٹ سروس 2 روز میں بحال کرنے کا اعلان
مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے آئندہ دو روز میں انٹرنیٹ سروس کی مرحلہ وار بحالی کا اعلان کردیا۔
مرکزی ایوانِ صحافت کے پہلے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے داخلی و خارجی راستے بھی دو روز کے اندر بحال کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ سروس مرحلہ وار بحال کی جائے گی، جس کے پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کے لیے آئندہ دو روز کے دوران انٹرنیٹ سروس بحال کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بیرسٹر افتخار گیلانی دو روز قبل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 30 ووٹ حاصل کرکے ریاست کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔