|

چین کی پاکستان کو غربت کے خاتمے کی پیشکش، تعاون بڑھانے کا اعلان

فیصل آباد: چین کی پاکستان کو غربت کے خاتمے کی پیشکش سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زئی ڈونگ نے کہا ہے کہ چین غربت کے خاتمے، زراعت، تعلیم، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کے لیے تیار ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل اور خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔

چین کی پاکستان کو غربت کے خاتمے کی پیشکش کرتے ہوئے جیانگ زئی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان غربت میں کمی کے لیے چین کے کامیاب تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ ان کے مطابق زراعت کی ترقی نہ صرف دیہی معیشت کو مضبوط بنائے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی، جس سے غربت میں نمایاں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلیم، ٹیکنالوجی ٹرانسفر، مہارتوں کی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ چینی قیادت پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتی ہے، کیونکہ پاکستان کی ترقی دونوں ممالک کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

جیانگ زئی ڈونگ کا کہنا تھا کہ چین کی ترقی کے پیچھے مضبوط قیادت، طویل المدتی پالیسیاں اور عوامی فلاح پر مبنی حکمت عملی اہم عوامل رہے ہیں، اور یہی تجربات پاکستان کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *