ایران کیساتھ جنگ پر اب تک 37.5 ارب ڈالر لاگت آ چکی، مزید بجٹ درکار ہے: امریکی وزیر جنگ
واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ پر اب تک 37.5 ارب ڈالر خرچ ہو چکے ہیں، جبکہ عالمی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پینٹاگون کو مکمل دفاعی بجٹ درکار ہے۔
سینیٹ کی فنڈز مختص کرنے والی کمیٹی کے سامنے پیش ہوتے ہوئے پیٹ ہیگسیتھ نے بتایا کہ 37.5 ارب ڈالر کی اس لاگت میں 30 ستمبر تک کے متوقع اخراجات بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں امریکی فوج پر سرمایہ کاری ناگزیر ہے، دفاعی اخراجات میں کمی ملک کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتی ہے، اسی لیے پینٹاگون کو اپنے تمام دفاعی تقاضے پورے کرنے کے لیے مکمل فنڈنگ کی ضرورت ہے۔
امریکی وزیر دفاع نے خفیہ بریفنگ کے بعد سینیٹ کی بجٹ کمیٹی سے اضافی فنڈز کی منظوری کی درخواست بھی کی۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کانگریس سے تقریباً 87 ارب ڈالر کے اضافی فنڈز طلب کیے ہیں۔