| | |

پاکستان، قطر اور مصر کی ایران امریکا کشیدگی میں کمی کیلیے  جنگ بندی کی باقاعدہ تجویز

واشنگٹن: پاکستان، قطر اور مصر کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان جاری شدید کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے دونوں ممالک کو 10 روزہ جنگ بندی کی باقاعدہ تجویز پیش کی گئی ہے جس کا مقصد سفارتی مذاکرات کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق اس اہم سفارتی پیش رفت کا بنیادی مقصد آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو دوبارہ معمول پر لانا ہے تاکہ خطے میں جاری فوجی محاذ آرائی کو روکا جا سکے۔

دوسری جانب تاحال کسی بھی فریق نے اس تجویز کو مکمل طور پر قبول کرنے کی ہامی نہیں بھری ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے اس وقت 2 راستے موجود ہیں جن میں پہلا راستہ محدود مدت کی جنگ بندی ہے جبکہ دوسرے آپشن میں اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف کسی بڑی فوجی کارروائی کا امکان بھی شامل ہے۔

ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک جنگ بندی کے حتمی فیصلے سے قبل اپنی عسکری پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، یہی وجہ ہے کہ اب تک اس تجویز پر کسی قسم کی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آسکی ہے جو کہ ایک بڑا چیلنج ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر تاحال کسی حتمی فیصلے تک نہیں پہنچ پائے ہیں، تاہم امریکی انتظامیہ اس تجویز کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔ آنے والے چند دن اس بات کا تعین کریں گے کہ واشنگٹن اپنی حکمت عملی میں کس طرف کا انتخاب کرتا ہے۔

اُدھر اُردن میں ایرانی میزائل حملے کے بعد امریکی مؤقف میں مزید سختی دیکھی جا رہی ہے جہاں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد واشنگٹن نے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ اس واقعے نے خطے میں قیام امن کی کوششوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

امریکا میں بڑھتی ہوئی پٹرول کی قیمتوں کے باعث اندرون ملک بھی جنگ کے خلاف عوامی ردعمل میں اضافہ ہو رہا ہے جو صدر ٹرمپ پر سیاسی دباؤ ڈال سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سفارتی سطح پر اب بھی مستقل اور پائیدار حل تلاش کرنے کی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *