| | |

عوام پر مسلسل بڑھتا بوجھ: 6 روز میں پیٹرولیم مصنوعات 63 روپے سے زائد مہنگی

اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ردوبدل نے عوام اور ٹرانسپورٹ شعبے پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق صرف 6 روز کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 63 روپے سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے مہنگائی کے مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئے قیمتوں کے نظام کے نفاذ کے بعد صرف 3 روز میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے 69 پیسے اضافہ ہوا، جبکہ گزشتہ 6 روز کے دوران اس میں مجموعی طور پر 52 روپے 19 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد ڈیزل کی قیمت 354 روپے 35 پیسے سے بڑھ کر 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی۔

پیٹرول کی قیمت بھی مسلسل اضافے کی زد میں رہی۔ رپورٹ کے مطابق 3 روز کے دوران پیٹرول 11 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا، جبکہ اس عرصے میں صرف ایک مرتبہ 35 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔ اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے اختتام پر بھی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔ یوں مختصر مدت کے دوران بار بار ہونے والے اضافوں نے صارفین، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری حلقوں کی مشکلات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو بنیاد بناتے ہوئے مسلسل تیسرے روز بھی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت پیٹرول 6 روپے 39 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمتیں بالترتیب 327 روپے 12 پیسے اور 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *