شہرِ قائد میں ٹریفک حادثات میں 2خواتین سمیت4افراد جاں بحق
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات و و اقعات میں خواتین سمیت6 افراد جاںبحق ہوگئے، دیگر واقعات میں خاتون سمیت9افراد زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور گریس پاکستان میرین اکیڈمی کے قریب ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 50سالہ خاتون حافظہ زوجہ شاہد احمد جاں بحق ہوگئی ۔ فیڈرل بی ایریا کریم آباد نذد کباب جی ریسٹورنٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں ، 30 سالہ نوجوان سعود احمد جاں بحق ہو گیا۔ گڈانی کے علاقے گڈانی موڑ شیخ موسیٰ ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے کے دوران 16سالہ نو جوان عمران ولد عبدالقدیر جاں بحق اور 02 افراد 16سالہ محمد ولد عبد الناصر ، 15سالہ کامران ولد عثمان زخمی ہوئے ، جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سپر ہائی وے کراچی بس ٹرمینل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شدید زخمی ہونے والی60سالہ خاتون دوران علاج عباسی شہید اسپتال میں جاں بحق ہو گئی ۔ شیر شاہ کے علاقے گل بائی چوک کے قریب فیکٹری میں کام کے دوران لفٹ سے گر کر 45سالہ عبدالرئوف ولد سرتاج خان جاں بحق ہوگیا۔ سرسید کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب پل سے گرکر شدید زخمی ہونے والا نوجوان 16سالہ عبدالمنان ولد عدنان دوران علاج عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا ۔ لانڈھی مرتضیٰ چورنگی وی آئی پی ریسٹورنٹ میں کام کے دوران آتشزدگی کے باعث 03 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔