امریکا ایران جنگ: مشرق وسطیٰ کے لیے متعدد عالمی پروازیں منسوخ
پیرس: ایران اور امریکا جنگ کے باعث متعدد ممالک نے اپنی ایئرلائنز کی پروازوں کومشرق وسطیٰ کے لئے منسوخ کردیا ہے۔
ترک میڈیا انادولو کے مطابق ایئر فرانس نے کہا کہ وہ لبنان کے دارالحکومت بیروت آنے اور جانے والی اپنی پروازوں کی معطلی میں 2 اگست تک توسیع کر رہا ہے، جب کہ مشرقِ وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتِ حال کے باعث سعودی دارالحکومت ریاض اور دبئی کے لیے پروازیں عارضی طور پر روک رہا ہے۔
فرانسیسی ایئرلائن نے کہا سعودی عرب میں ریاض کے لیے پروازیں 24 جولائی تک معطل رہیں گی، دبئی کے لیے پروازوں کی معطلی 27 جولائی تک برقرار رہے گی، جب کہ لبنان میں بیروت کے لیے پروازوں کی معطلی میں 2 اگست تک توسیع کی گئی ہے۔ایئر فرانس نے یہ بیان امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں دیا، جس کے اثرات خطے کے دیگر ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں۔
میڈیا کے مطابق ریاض آنے اور جانے والی پروازیں 24 جولائی تک معطل رہیں گی (جب کہ ریاض سے روانہ ہونے والی پروازوں کے لیے یہ معطلی 25 جولائی تک ہوگی)۔ متحدہ عرب امارات کے دبئی کے لیے آنے اور جانے والی پروازیں 27 جولائی تک معطل رہیں گی (جب کہ دبئی سے روانگی والی پروازوں کے لیے یہ مدت 28 جولائی تک ہوگی)۔ایئر لائن نے کہا کہ متاثرہ مسافروں کو انفرادی طور پر آگاہ کیا جا رہاہے۔
ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا ’’پروازوں کی بحالی کا فیصلہ مقامی سطح پر سیکیورٹی صورتِ حال کے جائزے سے مشروط رہے گا، جو تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔